Home / مستقل سلسلے / انگلش سے کیا رنجش / انگلش سے کیا رنجش ۔ تیئیسویں قسط

انگلش سے کیا رنجش ۔ تیئیسویں قسط

مکمل(Perfect):

یہ ایسا فعل ہے جس کے متعلق جب بتایا جاتا تو یہ مکمل ہو چکا ہوتا ہے۔

اگر کوئی فعل زمانہ حال(Present)، ماضی(Past) یا مستقبل(Future) میں بیان کیا گیا ہو اور اس فعل کا کچھ حصہ مکمل ہو کر پچھلے زمانے میں چلا تو وہ فعل خالصتاً اسی زمانے کا نہیں رہتا بلکہ وہ اپنے وقوع سے پچھلے زمانے میں چلا جاتا ہے لہٰذا اس کی حالت کو مکمل (Perfect) کہا جاتا ہے۔ اسے (P) سے ظاہر کیا جائے گا۔

 

مثالیں(Examples):

٭ طالب علم سکول جا چکا ہے۔

وضاحت: طالب علم کے فعل کا اگرچہ زمانہ حال میں بیان کیا گیا لیکن اس کا نقطہءِ تکمیل پچھلے زمانے یعنی ماضی میں ہے اس لیے یہ فعل ہے تو زمانہ حال کا مگرخالصتاً زمانہ حال کا نہیں۔ چنانچہ یہ فعل حال مکمل ہے(Present Perfect)

٭ طالب علم سکول جا چکا تھا۔

وضاحت: طالب علم کا فعل زمانہ ماضی میں بیان کیا گیا ہے لیکن اس کا نقطہءِ تکمیل پچھلے زمانے یعنی ماضی بعید میں ہے اس لیے یہ فعل ہے تو زمانہ ماضی کا مگرخالصتاً زمانہ ماضی کا نہیں۔ چنانچہ یہ فعل ماضی مکمل ہے(Past Perfect)

٭ طالب علم سکول جا چکا ہوگا۔

وضاحت: طالب علم کا فعل اگرچہ زمانہ مستقبل میں بیان کیا گیا ہے لیکن اس کا نقطہءِ تکمیل پچھلے زمانے یعنی مستقبل قریب میں ہے اس لیے یہ فعل ہے تو زمانہ مستقبل کا مگرخالصتاً زمانہ مستقبل کا نہیں۔ چنانچہ یہ فعل حال مکمل ہے(Future Perfect)

 

مکمل جاری(Perfect Continuous):

مکمل جاری کا مطلب ہے کہ فعل کا کچھ حصہ تو مکمل ہے جبکہ کچھ حصہ ابھی جاری ہے۔

اگر کوئی فعل زمانہ حال(Present)، ماضی(Past) یا مستقبل(Future) میں بیان کیا گیا ہو اور اس فعل کا کچھ حصہ مکمل ہو کر پچھلے زمانے میں چلا جائے جبکہ کچھ حصہ نامکمل ہو اور اگلےزمانہ میں چلا جائے تو وہ فعل خالصتاً اسی زمانے کا نہیں رہتا بلکہ وہ اپنے وقوع سے پچھلے اور اگلے زمانے میں چلا جاتا ہے لہٰذا اس کی حالت کو مکمل جاری(Perfect Continuous) کہا جاتا ہے۔ اسے (PC) سے ظاہر کیا جائے گا۔

 

مثالیں(Examples):

٭ طالب علم کئی دنوں سکول جا رہا ہے۔

وضاحت: طالب علم کے فعل کا نقطہءِ وقوع زمانہ حال میں ہے، اس کا کچھ حصہ مکمل ہو کر ماضی کا حصہ بن چکا ہے (کئی دن سے: یہ کئی دن گزر کر ماضی کاحصہ ہیں)اس لحاظ سے یہ مکمل ہے جبکہ اس کا کچھ حصہ نامکمل ہے یعنی اس کا نقطہءِ تکمیل اگلے زمانے یعنی مستقبل میں ہے اس لیے یہ فعل ہے تو زمانہ حال کا مگرخالصتاً زمانہ حال کا نہیں۔ چنانچہ یہ فعل حال مکمل جاری ہے (Present Perfect Continuous)

٭ طالب علم کئی دنوں سکول جا رہا تھا۔

وضاحت: طالب علم کے فعل کا نقطہءِ وقوع زمانہ ماضی میں ہے، اس کا کچھ حصہ مکمل ہو کر ماضی بعید کا حصہ بن چکا ہے (کئی دن سے: یہ کئی دن گزر کر ماضی بعید کا حصہ ہیں) اس لحاظ سے یہ مکمل ہے جبکہ اس کا کچھ حصہ ابھی نامکمل ہے یعنی اس کا نقطہءِ تکمیل اگلے زمانے یعنی ماضی قریب میں ہے اس لیے یہ فعل ہے تو زمانہ ماضی کا مگرخالصتاً زمانہ ماضی کا نہیں۔ چنانچہ یہ فعل ماضی مکمل جاری ہے (Past Perfect Continuous)

٭ طالب علم اگلے ہفتے کئی دنوں سے سکول جا رہا ہوگا۔

وضاحت: طالب علم کے فعل کا نقطہءِ وقوع زمانہ مستقبل میں ہے، جب اگلا ہفتہ شروع ہو گا تو اس کچھ حصہ مستقبل قریب کا حصہ بن جائے گا (کئی دنوں سے: یہ کئی دن مستقبل قریب کا حصہ بن چکے ہوں گے) اس لحاظ سے یہ مکمل ہو گا اس کا چھ حصہ ابھی نامکمل بھی ہو گا یعنی اس کا نقطہءِ تکمیل مستقبل بعید میں ہو گا لہٰذا یہ خالص مستقبل کا فعل نہیں ہو گا۔ چنانچہ یہ فعل مستقبل مکمل جاری ہو گا (Future Perfect Continuous)

٭ یہ انتہائی کم استعمال ہونے والا ٹینس ہے۔

 

آسان لفظوں میں خلاصہ:

٭ فعل جس زمانے میں بیان کیا جا رہا ہوتا ہے اگر وہ اسی زمانے میں مکمل بھی ہو جائے تو اس زمانے کی حالت خالص ترین ہوتی ہے یعنی مطلق یا سادہ (Indefinite or Simple)

٭ فعل جس زمانے میں بیان کیا جا رہا ہو اگر وہ اس زمانے میں مکمل نہ ہو سکے تو اگلے زمانے میں جا کے مکمل ہوتا ہے تو یہ اس زمانے کی جاری (Continuous) ہوتی ہے۔

٭ فعل جس زمانے میں بیان کیا جا رہا ہو اگر وہ اس زمانے سے کچھ پہلے مکمل ہو چکا ہو تو یہ اس زمانے کی مکمل (Perfect) حالت ہوتی ہے۔

٭ فعل جس زمانے میں بیان کیا جا رہا ہو اگر اس کا کچھ حصہ مکمل ہو کر پچھلے زمانے میں اور کچھ نامکمل حصہ اگلے زمانے میں مکمل ہونا ہو تو اس زمانے کی حالت مکمل جاری (Perfect Continuous) ہوتی ہے۔

 

چونکہ زمانے تین ہیں اور ہر زمانے کی چار حالتیں ممکن ہو سکتی ہیں اس لیے ٹینس بارہ ہوتے ہیں۔ ان ٹینسز میں پریذنٹ کے لیے کوڈ 1، پاسٹ کے لیے 2 جبکہ فیوچر کے لیے 3 مقرر کیا گیا ہے جبکہ حالتوں کے کوڈ اوپر بیان کیے جا چکے ہیں۔ یہ کوڈز ٹینسز کی کِیز(Keys) میں استعمال ہوں گے۔ ٹینسز کے نام بمع کوڈ مندرجہ ذیل ہیں۔

1. Present Simple (1S)

2. Past Simple (2S)

3. Future Simple (3S)

4. Present Continuous (1C)

5. Past Continuous (2C)

6. Future Continuous (3C)

7. Present Perfect (1P)

8. Past Perfect (2P)

9. Future Perfect (3P)

10. Present Perfect Continuous (1PC)

11. Past Perfect Continuous (2PC)

12. Future Perfect Continuous (3PC)

 

٭ بیسک ٹینسز پر عبور حاصل کرنے کے لیے چار مراحل کی ضرورت پڑے گی۔

(1) ٹینسز کی پہچان (Recognizing Tenses)

(2) ٹینسز کی کِیز (Keys for Tenses)

(3) فعل(Verb) فاعل(Subject) مفعول(Object) کی پہچان

(4) آۤل اِن وَن فارمولا (All in One Formula)

 

یہ مراحل اگلی اقساط میں بیان کیے جائیں گے۔

 

٭ سیکھنے کے لیے سوال یا سوالات کیے جا سکتے ہیں۔

٭ اہلِ علم بہتری کی تجاویز دے سکتے ہیں۔

About انعام الحق

انعام الحق صاحب کا تعلق پاکستان کے مشہور صنعتی شہر فیصل آباد سے ہے۔ آپ درس و تدریس اور تحقیق کے شعبہ سے وابسطہ ہیں۔ ریاضی اور فزکس سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.